روبی انعم کی وضاحت: "صرف برائیاں یاد رہیں، اچھائیاں نہیں”

معروف کامیڈین اور اداکارہ روبی انعم نے سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سے متعلق دیے گئے متنازع بیان پر معذرت کر لی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کے الفاظ سے دل آزاری ہوئی اور اس معاملے کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں روبی انعم نے کہا تھا کہ بشریٰ انصاری کو وی لاگنگ چھوڑ کر آرام کرنا چاہیے کیونکہ وہ بڑھاپے کی عمر میں داخل ہو چکی ہیں۔ اس بیان پر شوبز انڈسٹری کے سینئر فنکاروں نے ناراضی کا اظہار کیا، جس کے بعد اداکارہ نے بشریٰ انصاری سے معافی مانگی۔
ایک یوٹیوب انٹرویو میں بات کرتے ہوئے روبی انعم نے کہا کہ ’’میری شرارت اور بدتمیزی سب کو یاد رہی، مگر اچھائیاں یاد نہیں رہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ بشریٰ انصاری کے لیے نیک خواہشات بھیج چکی ہیں لیکن ان کا مثبت رویہ نظرانداز کر دیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیان پر سینئر فنکاروں نے سمجھایا کہ یہ غلطی تھی، جسے وہ مانتی ہیں۔ انہوں نے بشریٰ انصاری کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا سب سے بڑا نام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ آئندہ ایسی بات نہیں کریں گی۔
روبی انعم نے مزید کہا کہ ’’اگر میری وجہ سے دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی مانگتی ہوں، بڑے ہونے کا ثبوت دینا چاہیے اور اختلافات کو ختم کرنا بہتر ہے۔‘‘














